اسلام آباد (اے پی پی): نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 12 سے 15 ستمبر کو لندن میں ہونے والے 10ویں کامن ویلتھ یوتھ وزارتی اجلاس (سی وائی ایم ایم) کی صدارت کریں گے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق دولت مشترکہ سیکرٹریٹ کامن ویلتھ یوتھ وزارتی اجلاس کا انعقاد کر رہا ہے۔ پاکستان اس اجلاس کی صدارت سنبھال رہا ہے اور وہ اگلے سال ساموا میں ہونے والے دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے سربراہی اجلاس سے پہلے ایجنڈا ترتیب دینے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
اجلاس کا تھیم ”ایم ہائر: ڈیلیورنگ مورفار ینگ پیپل ان دی کامن ویلتھ“ہے جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ نگراں وزیر خارجہ کی لندن وزارتی اجلاس میں شرکت کرنے والے وزراءاور دولت مشترکہ کے اعلیٰ عہدے داروں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ پاکستان دولت مشترکہ اور اس کے فلیگ شپ کامن ویلتھ یوتھ پروگرام کو بہت اہمیت دیتا ہے جو اس کی 50ویں سالگرہ کے موقع پرہورہا ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور بامعنی مشغولیت کے لئے پرعزم ہے، خاص طور پر جب دولت مشترکہ اور حکومت پاکستان 2023 کو ”نوجوانوں کے سال“ کے طور پر منا رہی ہے۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام میں تعلیم، روزگار، انگیجمنٹ اور ماحولیات کے چار بنیادی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر آئندہ اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا