برطانیہ

کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کا بھارتی منصوبہ چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے،معظم خان

کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں پاکستانی ہائی کمشنر کا شرکا سے خطاب

لندن:برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے برمنگھم میں چیئرمین کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان،لارڈ ضمیر چوہدری کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ میں کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ
کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں برطانوی وزیرِ خارجہ جیمز کلیورلی سمیت دیگر وزراء، لارڈز، اراکین
پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پاکستانی ہائی کمشنر نے شرکاء کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے برطانیہ کی حکومت اور ڈیزاسٹر ایمرجنسی کمیٹی کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے 16.5 ملین
پاؤنڈ کے اعلان کو سراہا۔ ہائی کمشنر نے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں سیلاب سے 30 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
ہائی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر 1 فیصد سے بھی کم کاربن فوٹ پرنٹ کے خلاف پاکستان کو دنیا کا 7واں سب سے زیادہ غیر محفوظ ملک سمجھا جاتا ہے اور اس وجہ سے وہ موسمیاتی  انصاف کا خواہاں ہے۔
معظم احمد خان نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خوشحالی، پائیداری، سکیورٹی، تعلیم اور صحت کے شعبے میں پائیدار شراکت داری کے ذریعے تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔
ہائی کمشنر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری بھارتی مظالم کو بھی اجاگر کیا۔ خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے اور الگ کشمیری شناخت کو ختم کرنے کے بھارتی منصوبے کو انہوں نے چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی
خلاف ورزی قرار دیا ۔

استقبالیہ سے لارڈ ضمیر چودھری، ایم پی ایئن ڈنکن اسمتھ ،ایم پی ٹام ٹگینڈہٹ ، میئر آف ویسٹ مڈلینڈ،اینڈی اسٹریٹ,سکلی کیبنٹ ممبر پال اسٹورٹ ، ایم پی نصرت غنی ، ایم پی ثاقب بھٹی ۔ ایم پی مارک سائمن ایسٹ ووڈ اور ڈائریکٹر ویسٹ مڈلینڈز اینڈ نارتھ سی او پی محمد افضل نے خطاب کیا۔

مزید دکھائیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button