اسلام آباد:پاکستان کی سپریم کورٹ نے جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔
جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے علی وزیر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی اور چار لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور ہوئی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس 16 دسمبر 2020 کو سندھ پولیس کی درخواست پر علی وزیر کو پشاور سے گرفتار کر کے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
ان کو چھ دسمبر 2020 کو کراچی میں نکالی گئی پی ٹی ایم کی ایک ریلی کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور تضحیک آمیز تقریر کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا: ’مبارک ہو، جسٹس طارق مسعود، جمال مندوخیل اور امین الدین خان پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے علی وزیر خان کو ضمانت دے دی ہے۔‘
انھوں نے مزید لکھا: ’علی ایک تقریر کی وجہ سے 11 ماہ تک جیل میں رہے۔ اس میں بہت زیادہ وقت لگا لیکن خوشی ہے کہ علی ضمانت پر بار ہوں گے۔‘