کراچی:سپریم کورٹ پاکستان نے حکم دیا ہے کہ نسلہ ٹاور کی عمارت کو فوری طور پر گرا کر ایک ہفتہ میں رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ عمارت کو کنٹرولڈ بلاسٹ سے گرا یا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ٹاور گراتے ہوئے قریبی عمارات یا انسانی جانوں کو کوئی نقصان نہ ہو۔عدالت نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ کمشنر کراچی متاثرین کو نسلہ ٹاور کے مالک سے رقم واپس دلوائیں گے۔
یاد رہے کہ کراچی میں ضلع شرقی کی انتظامیہ نے نسلہ ٹاور کے رہائشیوں کو عمارت 27 اکتوبر تک خالی کرنے کا نوٹس بھی دے رکھا ہے۔نوٹس میں اسسٹنٹ کمشنر برائے فیروزآباد ضلع شرقی نے رہائشیوں کو خبردار بھی کیا تھا کہ اگر مقررہ تاریخ تک ٹاور خالی نہ کیا گیا تو اْنکے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں پاکستان کی اعلی عدالت سپریم کورٹ کے نسلہ ٹاور کے بارے دئیے گے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ عمارت خالی نہ کرنے کی صورت میں فیروز آباد پولیس کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔ٹاور میں رہنے والے رہائشیوں کو دئیے گے نوٹس میں یہ بھی بتا گیا ہے کہ اعلی عدالت نے نظرثانی کی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور گرانے کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواست مسترد کر دی تھی اور کمشنر کراچی کو نسلہ ٹاور منہدم کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔