اوسلو (ناروے)ڈی این ڈی تھینک سینٹر کی سربراہ اور پراگ میں مقیم خارجہ امور کی ماہر شازیہ انور چیمہ نے منگل کے روز اوسلو میں پاکستانی نژاد نارویجن سیاستدان خالد محمودسے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران شازیہ انور چیمہ نے بیرون ملک آباد پاکستانیوں،ادیبوں،تعلیمی اداروں اور صحافیوں کے درمیان عوامی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام حلقوں کے درمیان مسلسل رابطہ اور بات چیت بہت ضروری ہے۔
خالد محمود نامور سیاست دان اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں جن میں نارویجن زبان میں مسئلہ کشمیر پر ایک جامع تحقیق پر مبنی کتاب شامل ہے۔خالد محمودنے اوسلو سٹی کونسل میں خدمات سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ بطور ایک تجربہ کار سیاستدان ناروے کی پارلیمنٹ میںڈپٹی نمائندے کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
ملاقات کے دوران ماہر خارجہ امورشازیہ انور چیمہ کا کہنا تھا کہ عوامی سفارت کاری صرف سفارت کار ہی نہیں کرسکتے بلکہ اْسی وقت ممکن اور کامیاب ہوگی جب تمام حلقے ملکرکام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نارویجن نوجوانوں میں پاکستانی ثقافت اور تاریخ کو فروغ دینے میں ناروے میں آباد پاکستانی اورپاکستانی میڈیا ملکر کام کرسکتے ہیں۔
پاکستانی نژاد نارویجن خالد محمود نے شازیہ انور چیمہ کو ملاقات کے دوران بطور تحفہ اپنی کتابیں پیش کیں۔ ان میں کتاب تاریخ ناروے اردو قارئین میں مقبول ہے۔خالد محمود نے بتایا کہ اوسلو سٹی کونسل کے ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے اْنہیں کتاب لکھنے میں تین سال لگے ، اِس سلسلے میں اْنہیں بعض مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔کیونکہ پبلشرز کا کہنا تھا کہ بعض الفاظ جیسے یوکرسٹ ، جو اردو میں موجود نہیں کا ترجمہ کیسے کریں ۔ یہ کتاب آئس ایج سے لے کر 1970 تک ناروے کی تاریخ بتاتی ہے ، جو ناروے کی کلاسیکی تاریخوں کے ساتھ ساتھ ناروے کے رہنماوں جیسے جو بینکو ، جوہان نیگارڈسولڈ اور اینر گیرہارڈسن کی سوانح عمری پر مبنی ہے۔