کابل(نوراللہ خان)امریکہ کے آخری فوجی کی افغان سرزمین سے روانگی کے ساتھ ہی طالبان نے افغانستان پر مکمل قبضے کا اعلان کردیا ہے۔طالبان نے کابل ایئرپورٹ کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے اور پورے افغانستان پر کنٹرول کی خوشی میں طالبان نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔
اْدھر پینٹاگون نے اس بات کی تصدیق کی ہے افغانستان میں تقریباً بیس سالہ جنگ اس وقت اختتام پذیر ہوگئی جب امریکہ کا آخری طیارہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آدھی رات سے ایک منٹ پہلے روانہ ہوگیا، جس کے بعد افغانستان سے امریکی انخلا مکمل ہوچکا ہے۔
افغانستان سے امریکی فوجی کے انخلا کا عمل طئے شدہ وقت میں مکمل ہو چکا ہے اور اس تعلق سے امریکی وزارت دفاع کی جانب سے ایک تصویر بھی جاری کی گئی جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان چھوڑنے والا آخری امریکی فوجی ہے۔