کابل، افغانستان (اے پیْ/انڈیا ٹو ڈے) اتوار کو طالبان نے مشرقی شہر جلال آباد کو بغیر کسی لڑائی کے اپنے قبضے میں لے لیا جبکہ امریکہ نے اپنے شہریوں کو نکالنے میں مدد کے لیے مزید فوجی افغانستان بھیج دئیے ہیں۔ اشرف غنی کی حکومت اب صرف کابل تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
طالبان نے ہفتے کے روز بڑے شمالی شہر مزار شریف پر قبضہ کر لیا تھا ، جس سے افغان حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں مزید کمی واقع ہوئی۔ شہر پر قبضہ نے کابل کو مشرق کی جانب سےمکمل الگ تھلگ کر دیا ہے کیونکہ ملک بھر میںطالبان کے حملے جاری ہیں ۔ طالبان نے اتوار کی صبح آن لائن تصاویر پوسٹ کیں جس میں وہ صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں گورنر کے دفتر میں دکھائی دے رہے ہیں۔
صوبے کے ایک قانون دان ابرار اللہ مراد نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ باغیوں نے جلال آباد پر قبضہ کر لیا اور وہاں حکومت کے خاتمے پر بات چیت کی۔طالبان کے خوف سے ہزاروں افراد کابل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ہفتے کے روز ، افغان صدر اشرف غنی نے ٹیلی ویژن پر تقریر کی ، وہ طالبان کی حالیہ کامیابیوں کے بعد پہلی مربتہ عوام کے سامنے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی طالبان کو گذشتہ20 سال کی "کامیابیوں” کوضائع یا نقصان پہچنانے کا موقع نہیں دیں گے۔