افغانستانبین الاقوامیپاکستانپشاور

افغانستان: ہرات میں اقوامِ متحدہ کے دفتر پر حملے میں ایک محافظ ہلاک

افغانستان کے صوبہ ہرات میں اقوامِ متحدہ کے دفتر پر راکٹس، گرنیڈز اور جدید اسلحے سے حملہ کیا گیا ہے جس میں ایک افغان پولیس اہل کار ہلاک اور دیگر افسران زخمی ہوئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ واضح طور پر دکھائی دینے والے اقوامِ متحدہ دفتر کے داخلی راستے پر ہوا جو کہ حکومت مخالف حملہ آوروں کی طرف سے کیا گیا۔

افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے مشن کی سربراہ ڈیبورا لیانز نے اس حملے کو ‘افسوس ناک’ قرار دیا۔

ڈیبورا لیانز جو کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی افغانستان کے لیے خصوصی مشیر بھی ہیں، کی طرف سے اس حملے کی شدید مذمت بھی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی نیک خواہشات حملے میں زخمی ہونے والے افسران کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے حملوں کی بین الاقوامی قوانین کے تحت ممانعت ہے اور یہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوامِ متحدہ افغانستان میں حکومت اور عوام کی امن کے حصول کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری طرف طالبان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہرات میں واقع اقوامِ متحدہ کے دفتر کو کسی قسم کے خطرات لاحق نہیں تھے۔

مزید دکھائیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button