مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ الجزائر کی مسجد طارق بن زیاد میں ایک شخص نے نماز کے دوران تیز دھار چھری کے وار کرکے امام جماعت کو قتل کردیا۔
اطلاعات کے مطابق الجزائر کے صوبے تیزی وزو میں طارق بن زیاد مسجد کے امام بلال حمودی عصر کی نماز کی امامت کرا رہے تھے اور جس دوران وہ رکوع میں تھے تو ایک شخص نے تیز دھار چھری کے وار کرکے انھیں قتل کردیا۔
نمازیوں نے قاتل کو آلہ قتل کے ہمراہ پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزم کے بارے میں اہل محلہ کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی طور پر بیمار شخص ہے اور نفسیاتی اسپتال میں علاج کے لیے بھی جاتا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کا ماہر نفسیات سے معائنہ کرایا جائے گا تاہم پولیس اس کیس کی ہر پہلو پر تفتیش کرے گی ۔