مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ واشنگٹن میں انسانی ترقی کے عالمی ترقیاتی ادارے سینٹر فار گلوبل ڈیویلپمنٹ (سی جی ڈیو) نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 49 لاکھ یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔ یہ تعداد سرکاری اعداد و شمار کے مقابلے میں 12 گنا سے بھی زیادہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق واشنگٹن میں انسانی ترقی کے عالمی ترقیاتی ادارے ” سی جی ڈیو” نے کئی بھارتی صحافیوں، غیر سرکاری تنظیموں اور طبّی ماہرین کے انفرادی تعاون سے مرتب کی ہے جس میں کورونا وبا کے پھیلاؤ سے متعلق مودی سرکار کے فراہم کردہ اعداد و شمار کو ناقابلِ بھروسہ قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے اپنے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، وہاں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار سے عبور کرچکی ہے جو امریکہ اور برازیل کے بعد تیسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔
تاہم بھارتی ڈاکٹر اور طبّی ماہرین پچھلے کئی مہینوں سے خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ بھارت میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی اصل تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ مارچ 2020 سے اب تک بھارت میں ہونے والی تمام انسانی اموات کا طبّی آڈٹ کروایا جائے تاکہ ان اموات کی صحیح وجہ سامنے آسکے۔
واضح رہے کہ بھارت میں صرف مئی 2021 کے ایک مہینے میں سرکاری ذرائع سے کورونا وائرس سے ایک لاکھ 70 ہزار افراد کے مرنے کی تصدیق کی گئی تھی۔