اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہریوں کو دوسرے ممالک کے حوالے کرنے کا ڈریکولائی قانون پاس کرنا دستور اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے، یکطرفہ قانون سازی پاکستان کے عوام کے ساتھ ظلم اور پارلیمنٹ کے ساتھ مذاق ہے، حکمران مغربی سامراج کو خوش کرنے کیلئے انسان دشمن قانون سازی کر رہے ہیں، جس کی جماعت اسلامی سخت مخالفت کرتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں اسداللہ بھٹو نے کہا کہ آج اس پارلیمنٹ کیلئے یوم سیاہ ہے، آج ایف اے ٹی ایف کی غلامی میں بدترین قانون سازی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی نوٹس کے پاکستانیوں کو دوسرے ممالک کے حوالے کیا جائے گا، بغیر عدالتی فیصلے اور آرڈر کے ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر پاکستانیوں کی پراپرٹیز ضبط کی جا سکیں گی۔
اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر صرف ایک سرکاری افسر کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ایف اے ٹی ایف کی ہدایت پر ایکشن لے کر عملدرآمد کرے، اس طرح کی قانون سازی سے انسانی حقوق اور عدل و انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمران عوام کے حقوق کا تحظ نہیں کرسکتے تو انہیں مزید حکمرانی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ اسداللہ بھٹو نے تمام سیاسی، دینی جماعتوں سے اپیل کی کہ اس انسانیت دشمن قانون کیخلاف مزاحمت کی جائے۔