
میکسیکو کے صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبریڈور اور نائب صدر کملا ہیریس 8 جون کو میکسیکو سٹی کے قومی محل میں دوطرفہ اجلاس سے قبل کھڑے ہیں۔ (© Jacquelyn Martin/AP Images)
امریکہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ امریکہ اور میکسیکو کے درمیان سرحد کو مضبوط بنانے پر کام کر رہا ہے۔
میکسیکو اور وسطی امریکہ کے اپنے دورے کے دوران نائب صدر کملا ہیرس نے ایک ٹویٹ میں کہا، “امریکہ اور میکسیکو کی مشترکہ تاریخ اور خاندان ہے۔ ہماری معیشتیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں اور ہماری سکیورٹی کا ایک دوسرے پر انحصار ہے۔”
اپنے دورے کے دوران، نائب صدر کملا ہیرس نے اعلان کیا کہ امریکہ اور میکسیکو کے قانون نافذ کرنے والے ادارے امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر سکیورٹی مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
آج ، صدر lopezobrador_ اور میں نے سلامتی ، معاشی مواقع ، ویکسینوں اور ہجرت میں اپنے مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ میکسیکو کو ان معاملات میں شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ https://t.co/49p1iyChKu pic.twitter.com/Ux2oXihtcp
– نائب صدر کملا ہیرس (VP) 8 جون 2021
میکسیکو کی حکومت پہلے ہی 12،000 سے زیادہ سکیورٹی اہلکار جنوبی میکسیکو میں تعینات کر چکی ہے۔ اس کا مقصد نقل مکانی کرنے والوں کے سرحد پر پہنچنے سے پہلے، غیرقانونی امیگریشن سے انسانی بنیادوں پر نمٹنا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور خطے میں تحفظ کو بہتر بنانے کی کوششوں سمیت، میکسیکو کے ساتھ قریبی تعاون کر رہی ہے۔
ہیرس نے انسانی سمگلنگ اور انسانوں کے بیوپار کی روک تھام کے لیے امریکی ٹاسک فورس کا افتتاح کیا۔ معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے امریکہ، میکسیکو اور شمال وسطی امریکہ کے شراکت دار ممالک وسطی امریکہ میں انسانی سمگلنگ کی کاروائیوں کی نشاندہی کریں گے، انہیں ناکام بنائیں گے اور روکیں گے۔ اس سے پہلے کہ کوئی شخص سرحد تک کا خطرناک سفر کرنے کا فیصلہ کرے، اُسے غیرقانونی سفرکرنے سے منع کیا جائے گا۔
اسی طرح امریکہ اور میکسیکو انسانوں کے بیوپار اور انسانی سمگلنگ کی اُن تنظیموں کو ختم کرنے کے لیے کام کریں گے جو انسانوں کو سرحد کے اس پار لانے کی کوشش کرتی ہیں۔
ان معاملات میں پیش روفت دیکھنے میں آئی ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کے پروگراموں کی وجہ سے مارچ سے مئی کے عرصے کے دوران دو ماہ میں امریکہ کی جنوبی سرحد پر کسی بڑے کے بغیر اکیلے پہنچنے والے بچوں کی تعداد میں 25 فیصد کمی آئی ہے۔
قانون کے نفاذ کے علاوہ امریکہ اور میکسیکو کی حکومتوں نے شراکت داری قائم کرنے کی غرض سے مفاہمت کی ایک یاد داشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ وسطی امریکہ میں معاشی موقعوں کے فقدان سمیت نقل مکانی کی بنیادی وجوہات کو دور کیا جا سکے۔
گوئٹے مالا کے صدر الیخاندروں جیاماٹی سے ملاقات سے پہلے 7 جون کو ہیرس نے کہا، ” ہمارا یہ بھی یقین ہے کہ ہمارے مفادات سانجھے ہیں (کیونکہ) امریکہ کو علم ہے کہ ہماری سلامتی اور خوشحالی کا انحصار جو کچھ بیرونی ممالک میں ہوتا ہے اُس پر ہوتا ہے۔ ہمیں واضح طور پر علم ہے کہ دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں اور اپنے دوستوں کے ساتھ ملتے جلتے رہنا، تعاون کرنا اور کام کرنا ہماری ذمہ داریاں ہیں۔”