مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جنوبی افریقہ میں سابق صدر جیکب زوما کو 15 ماہ کے لیے جیل بھیجنے پر ہونے والے پر تشدد واقعات ، فسادات اور لُوٹ مار کے دوران 72 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقہ میں کرپشن کے مقدمات کی سماعت کے دوران توہین عدالت کے مرتکب ہونے پر سابق صدر جیکب زوما کو 15 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد سابق صدر کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
سابق صدر کو جیل بھیجنے پر جنوبی افریقہ کے دو گنجان آباد صوبوں میں فسادات پھوٹ پڑے جس پر فوج تعینات کی گئی تاہم ہزاروں مظاہرین کے اچانک سڑکوں پر آجانے اور لُوٹ مار سے صورت حال بگڑ گئی۔ ایک ہزار سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مظاہروں کا سلسلہ جوہانسبرگ تک پھیل گیا۔ مشتعل افراد نے شاپنگ سینٹرز، شراب کے بارز اور دکانوں میں لُوٹ مار کی۔ اس دوران پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مختلف واقعات میں اب تک 72 افراد کے ہلاک اور 30 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔