پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے کہا ہے کہ سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے خیبر پختونخوا کے دو اہم منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے، ان منصوبوں میں پشاور،ڈی آئی خان موٹروے اور دیر ایکسپریس وے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ محمودخان کاکہنا تھا کہ سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے خیبر پختونخوا کے دو اہم منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی سے ان منصوبوں کی منظوری صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
محمودخان کاکہنا تھا کہ سی پیک کا حصہ بنانے کیلئے دونوں منصوبوں کو جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اگلے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے، امید ہے کہ دونوں منصوبے سی پیک فریم ورک میں شامل کئے جائیں گے۔
دونوں منصوبے صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے۔ سی ڈی ڈبلیو پی سے ان منصوبوں کی منظوری پر وزیر اعظم عمران خان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔