پاکستانتعلیمٹیکنالوجیحقوقسیاسی حقوق

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب

انتخابی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے سیاسی حقوق دینے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور غیر جانبدار بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتخابی نظام کو مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انتخابی اصلاحات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان نے شرکت کی۔

اس موقع پر انتخابی قوانین میں بہتری کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلا س میں اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں اور دیگر شراکت داروں کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے الیکشنز ایکٹ 2017 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کیلئے اس کی حمایت کی، اس مرتبہ بھی سیاسی جماعتو ں کی قیادت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے شفاف انتخابی عمل کے حوالہ سے عوام کے سیاسی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اسی تعاون کے جذبہ کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ وہ موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کے عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے۔


مزید دکھائیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button