پاکستان

وفاقی کابینہ کی شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔
گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کا ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے درخواست وزارتِ داخلہ کو بھجوائی تھی جبکہ نیب کی درخواست پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ذرائع کے مطابق لیگی صدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے دی۔ ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا۔
علاوہ ازیں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ کل ہم نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، رات کو کابینہ میں سمری بھیجی تھی۔جسے اب منظور کر لیا گیا ہے. شیخ رشید نے کہا کہ آرٹیکل 25 کے تحت اس کیس میں سوائے شہباز شریف کے باقی تمام 14 ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل تھے اور شریف فیملی کے 5 افراد مفرور ہیں، رات کو ہم نے سمری کابینہ کو بھیجی تھی جو سرکولیشن کے ذریعے منظور ہوچکی ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عید کی چھٹی والے دن کابینہ کی سرکولیشن کے ذریعے پارٹی کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی خبر پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوست ممالک سرمایہ کاری نہیں بلکہ فطرانہ، زکوۃ، خیرات اور چاولوں کی بوریاں دے رہےہیں، اِس میں شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عید والے دن آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا، کاش چینی، بجلی، گیس،آٹا، دوائی مافیا، کارٹلز اور کمیشن خوروں کوگرفتار کرنے کا حکم دیتے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 14000 ارب کا قرض لوٹنے والوں، 450 ارب کی چینی، 250 ارب کا آٹا، 122 ارب کی ایل این جی چوری کرنے والوں کانام تو ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے، عمران خان جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں، عدالت کاحکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں بلکہ عدلیہ کے ادارے پر حملہ ہے۔ ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف بڑی خوشی سےعوام، اپنے بچوں اور اہلِخانہ کے ساتھ عید منارہے ہیں، آپ کےاِس بغض، حسد، خوف کی کیفیت دیکھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

مزید دکھائیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button

اپنا ایڈ بلاکر تو بند کر دیں

آواز ، آزادی صحافت کی تحریک کا نام ہے جو حکومتوں کی مالی مدد کے بغیر خالص عوامی مفادات کی خاطر معیاری صحافتیاقدار کی ترویج کرتا ہے اپنے پسندیدہ صحافیوں کی مدد کے لئے آواز کو اپنے ایڈ بلوکر سے ہٹا دیں