برطانوی مصور ساشا جعفری کی تیار کردہ دنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ چھ کروڑ 20 لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گئی ہے، دنیا کے اس سب سے بڑے فن پارے کو “سفرِ انسانیت” کا نام دیا گیا ہے جو 70 فریمز پر مشتمل ہے۔ اس فن پارے کا مجموعی سائز 17 ہزار 176 اسکوائر فٹ ہے جو تقریباً چار باسکٹ بال کورٹس کے برابر بنتا ہے۔
منتظمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی مصور کا فن پارہ 62 ملین ڈالرز میں فروخت ہوا ہے جو ہدف سے دوگنی رقم ہے۔ یہ رقم ان فلاحی اداروں کو دی جائے گی جو بچوں کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پندرہویں صدی کے پینٹر کی پینٹنگ کروڑوں ڈالر میں فروخت
برطانوی مصور ساشا جعفری کا یہ فن پارہ دبئی میں مقیم فرانسیسی شہری آندرے ایبدون نے ایٹلانٹس دی پام ہوٹل میں پیر کو منعقدہ نیلامی کے دوران خریدا، ساشا جعفری کے اس فن پارے کی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے “لارجسٹ آرٹ کینوس” کے طور پر تصدیق کی گئی تھی۔
ساشا جعفری کا مقصد دنیا بھر کے غریب علاقوں میں مقیم بچوں کے لیے صحت، صفائی ستھرائی اور تعلیم سے متعلق اقدامات کے لیے 30 ملین ڈالر جمع کرنا تھا، دنیا کے 140 ممالک کے بچوں نے اپنے فن پارے ساشا جعفری کو بھجوائے تھے جنہوں نے گزشتہ سال ستمبر میں انہیں شامل کر کے پینٹنگ مکمل کی تھی۔
آراء:
3