غذر(اوصاف نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی رانی صنم فریاد نے پیپلز پارٹی کے گڑھ سنگل تحصیل میں بھی (ن) لیگ کا جھنڈا گاڑ دیا۔مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ تحصیل سنگل یونٹ کا قیام عمل میں لاتے ہوئے یاسمین بی بی کو صدر جبکہ عزت نمہ کو سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا ہے۔اس کے علاوہ شاہ بی بی سینئر نائب صدر، شازیہ ڈپٹی جنرل سیکریٹری،ریما سیکریٹری اطلاعات اور پروین کو سیکریٹری فنانس
بنایا گیا ہے۔ممبر صوبائی اسمبلی رانی صنم فریاد جوکہ مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ گلگت بلتستان کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات بھی ہیں کی سنگل آمد پر وہاں کی خواتین کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔اس موقع پر خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی رانی صنم فریاد نے کہا کہ آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے اور وہ دن دور نہیں کہ مرکز میں اور گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی۔میں اپنی مائیں بہنوں کو یہی پیغام دینا چاہوں گی کہ آپ قائد جمہوریت میاں محمد نواز شریف کے ویڑن اور نظریے کو دل سے قبول کرکے دیکھ لیں ترقی و خوشحالی نہ آئے تو کہنا آپ میاں محمد شہباز شریف اور مریم بی بی کے قافلے کو مظبوط بناکر دیکھ لیں ترقی کے دشمن قوتوں کو شکست نہ ہوئی تو کہنا۔آپ ہمارے قائد حافظ حفیظ الرحمن سے وفا کرکے دیکھ لیں گھر گھر خوشحالی نہ آئے تو کہنا۔یہاں کی خواتین نے دستکاری سکول کے قیام کا جو مطالبہ کیا ہے وہ ان کا بنیادی حق ہے اور انشاء اللہ خواتین کے لئے تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی اور اسمبلی کے فلور میں خواتین کے تمام شرعی حقوق کے لئے وہ اپنا کلیدی رول ادا کریں گی۔رانی صنم نے مزید کہا کہ سنگل کی خواتین کی دعوت پر میں نے یہاں میاں محمد نواز شریف کا جھنڈا گاڑ کر اپنا جمہوری فرض نبھایا ہے اور خواتین کی ہی دعوت پر وہ یونٹ سوزی مہم کے اگلے مرحلے میں ہاتون گاؤں جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام خواتین کو دعوت دی کہ وہ خواتین ونگ کے زیر اہتمام گلگت بسین میں منعقد ہونے والے شہید امن سیف الرحمن خان کی آٹھارویں برسی پروگرام میں شرکت ضرور کریں اور اپنے عظیم قومی لیڈر کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔قبل ازیں خواتین اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ نپورہ بسین یونٹ کی صدر نادرہ فاروق اور تحصیل سنگل یونٹ کی صدر یاسمین بی بی نے کہا کہ اب ملک بھر کے عوام سمجھ چکے ہیں کہ میاں محمد نواز شریف ہی وطن کے اصل وفادار اور حقیقی صادق و امین لیڈر ہیں۔عمران خان نیازی اپنی ایمانداری کے جتنے بھی جعلی سرٹیفکیٹس جمع کریں قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے ہیں۔