
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اعلانِ لاہور جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اسلامی، وفاقی و پارلیمانی آئین پر یقین رکھتی ہیں، وہ ایسا پاکستان تشکیل دیں گی جہاں آئین کی حرمت مقدم ہوگی اور ریاست کے تمام انتظامی ادارے منتخب انتظامیہ کے اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں گے۔
پی ڈیم ایم رہنماؤں نے را ئے ونڈ کے مشاورتی اجلاس میں اعلان لاہور پر دستخط کردیے۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ عوام کےسیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کےلیے مل کر جدوجہد کی جائےگی، عدلیہ آزاد ہوگی، میڈیا کی آزادی کو تحفظ حاصل ہوگا، منتخب ادارے عوام کو جوابدہ ہوں گے۔
اعلان لاہورکے مطابق بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور سماجی عدم تحفظ کے ذمہ دا سلیکٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ہیں، 2018 میں عوامی مینڈیٹ چرایا گیا مصنوعی اور نااہل حکومت نے ملکی ترقی چکنا چور کردی۔ ملک دیوالیہ ہو نے سےقبل سلیکٹڈ اور ہائبرڈ نظام رخصت کیا جائے، شفاف انتخابات کے ذریعے حقیقی نمائندہ حکومت قائم کی جائے۔
اعلان کے مطابق پاکستان کی اساس آئینی اور جمہوریتی تھی جسے اسٹیبلشمنٹ کے بالادستی عزائم نے مستحکم نہیں ہونےدیا، اس کھیل میں آدھا ملک جدا ہوگیا۔ پی ڈی ایم کی جماعتیں آئین کی اسلامی شقوں، 18 ویں ترمیم اور بنیادی انسانی حقوق کا دفاع کریں گی، سیاست سے اسٹیبلشمنٹ اور انٹیلی جنس کے اداروں کی مداخلت ختم کی جائےگی، سیکیورٹی اداروں کو پروفیشنل بنیادوں پرمضبوط کیا جائےگا۔
لاہور اعلامیہ پر دستخط # پی ڈی ایم قیادت۔ pic.twitter.com/OlnS1gIRrf
– رافعہ عباسی (@ رفیعہ عباسی پی پی پی) 14 دسمبر 2020
اعلان لاہور میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتوں اور عوام کا یہ فقیدالمثال اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ 2018 کی دھاندلی کی پیداوار اور ملک کو معاشی ، سیاسی اور خارجی محاذوں پہ درپیش بدترین بحرانوں کی ذمہ دار موجودہ حکومت 31 جنوری 2021 تک فی الفور مستعفی ہو ، وگرنہ ملک بھر سے موجودہ حکمرانوں کیخلاف 1 فروری 2021 کو فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان کر دیا جائےگا۔